• news

عاشق قریشی جیسا کرکٹ سے پیار کرنے والا شخص کبھی نہیں دیکھا:تعزیتی ریفرنس

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیاہے کہ جب قائم مقام وزیر اعلی تھا تو پاکستان میں ویٹرن کرکٹ کے بانی عاشق قریشی مرحوم کو اپنی کابینہ کاحصہ بننا چاہا لیکن انہوں نے عمران خان سے تعلق کی وجہ سے مفادات کا ٹکراو قرار دیتے ہوئے انکار کردیا تھا۔ جب کرکٹ بورڈ میں آیا تو اس وقت بھی انہیں اپنے ساتھ کام کرنے کی آفر کی تھی لیکن انہوں نے قبول نہیں کی۔ عاشق قریشی کی یاد میں مولاناظفر علی خان ٹرسٹ میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ عاشق قریشی جیسا کرکٹ سے پیار کرنے والا شخص کبھی نہیں دیکھا۔ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا تھا کہ عاشق قریشی کامزاج صوفیانہ تھا،زندگی میں وہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ کر ہمیشہ دوسروں کو آگے لاتے رہے۔لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کو ورلڈکپ میچ کی ذمہ داری ملی تو انہوں نے اس کوایک چیلنج سمجھ کر بڑی جدوجہد اور مخلص ہوکر میچ کروایا۔پی اینڈ ٹی جم خانہ کے روح رواں اظہر زیدی نے کہا کہ عاشق قریشی جتنے بڑے کرکٹ آرگنائزر تھے،اس سے زیادہ بڑے انسان تھے، کبھی کسی کا گلہ کرتے نہیں سنا۔ شارجہ کرکٹ کونسل کے سابق رکن چودھری محمد امین نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔سپورٹس جنرنلسٹس ایسوسی ایشن سجال کے چیئرمین اور سینئر صحافی زاہد مقصود کا کہنا تھا کہ شوکت خانم کیلئے چندہ اکٹھاکرنے کی مہم میں پیش پیش رہے، ان کیساتھ ٹرکوں پر چڑھ کر مہم میں بھرپور ساتھ دیا۔جب بھی ان سے ملاقات ہوتی ہمیشہ نہایت عاجزی اور محبت سے پیش آتے۔تعزیتی ریفرنس میں عاشق قریشی کی بیٹی اور داماد نے بھی اظہار خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن