فنکشنل لیگ کا اجلاس: بلدیاتی الیکشن جی ڈی اے پلیٹ فارم سے لڑنے کا فیصلہ
کراچی (آن لائن) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے عہدیداروں اور پارلیمانی ارکان کا اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی صدر پیر سید صدر الدین شاہ راشدی کی صدارت میں ہوا۔ پیر صاحب پگارا پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں جی ڈی اے کہ پلیٹ فارم سے بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ گنے کا ریٹ 270 اور گندم کا1500 سو روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ تھرپارکر، عمرکوٹ ،خیرپور ،سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں ٹڈی دل کی وجہ سے نقصان زدہ تمام اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔ یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ سندہ میں میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دی جائیں۔ پیر سید صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہم بھرپور حصہ لیں گے ۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں امیدوار کھڑے کیے جائیں گے، مخالفین کو بدترین شکست دینگے ،جی ڈی اے اتحاد، پیپلز پارٹی کے خلاف ٹرائیکا ہے۔ زرداری لیگ کی حکومت کے دن پورے ہو چکے ہیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں عوام زرداری لیگ کو ان کے کرتوتوں کی بناء پر بدترین شکست دے گی۔ انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت دی کہ ضلعی اور تحصیلوں کے دفاتر کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔