آئی اے ای اے اور پاکستانی انجینئرنگ یونیورسٹی ’’پیاس‘‘ میں تحقیق وترقی کے معاہدہ پر دستخط
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) انٹر نیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) اور پاکستان کی اعلیٰ درجے کی انجینئرنگ یونیورسٹی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے درمیان نیوکلیئر ٹیکنالوجی اور اس کے متعلقہ شعبہ جات میں تحقیق وترقی اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں ۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ویانا میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میخائل چودہکوو نے کہا کہ رکن ممالک میں اس شعبہ میں استعداد کار میں اضافے ، تربیت اور تعلیم کی اہمیت پر صرف زور دینا ہی کافی نہیں ہے ۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے ایجنسی رکن ممالک کے درمیان تعاون اور سائنسی علوم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے ، اس موقع پر ریکٹر پیاس ڈاکٹر ناصر ماجد مرزا نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر سایہ چلنے والی انجینئرنگ یونیورسٹی 2006ء سے اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ ہے ۔کیو ایس ورلڈ رینکنگ 2019ء کے مطابق پاکستان کی 7یونیورسٹیاں عالمی یونیورسٹیوں کے سالانہ انڈکس میں شامل ہیں جن میں سے پیاس پہلے نمبر پر اور دنیا میں 397ویں نمبر پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیاس آئی اے ای اے کا پہلا تعاون والا مرکز بنا ہے جس سے سائنسی تعاون اور انٹر نیشنلائزیشن کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ۔