احسن اقبال ذہنی دباؤکا شکار‘ تحقیقات پر بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے: مراد سعید
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے احسن اقبال کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ احسن اقبال اس وقت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ کیس کی تحقیقات پر احسن اقبال کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ احسن اقبال سوالات کے جوابات سے راہ فرار اختیارکر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال اور ان کے بھائی کے غیرقانونی ٹھیکوں کی تفصیلات سامنے آ چکیں۔ احسن اقبال اور جاوید صادق بڑے ڈاکے میں مرکزی کردار ہیں۔ انہوں نے کہا احسن اقبال کو کہا تھا کہ آپ کے گھبرانے کا وقت آ گیا ہے۔ احسن اقبال نے ملک کو 50 ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ مائنس ون ایجنڈا اپوزیشن کا نہیں بلکہ PTI کے اندر سے نکل رہا ہے۔ PTI کے اراکین اپوزیشن سے رابطے کر رہے ہیں۔ فرینڈز آف خان کے آگے سینئر وزراء بھی بے بس ہیں۔ پارٹی اور حکومت میں بدترین شہنشاہیت کی شکایتیں کر رہے ہیں۔PTI ملک کو تو تبدیل نہ کر سکی البتہ اس کے اندر تبدیلی آ چکی ہے۔