• news

پیپلز پارٹی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا‘ جھوٹا احتساب نہیں مانتے: شیری رحمن

سکھر (نیٹ نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے‘ یہ کیسے الزامات ہیں جو اربوں سے شروع ہو کر ایک مکان پر آ جاتے ہیں۔ جھوٹے کیسز اور جھوٹے احتساب کو نہیں مانتے۔ خورشید شاہ کی سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابھی تک کسی حکومتی وزیر کے خلاف کارروائی شروع نہیں کی گئی۔ علیمہ خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ پی ٹی آئی حکومت نے لیا‘ مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید کم ہو چکی ہے‘ لوگوں کے پاس بچوں کے سکول کے یونیفارم بنانے کے پیسے نہیں۔ صباح نیوز کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بنی گالا بھی غیرقانونی ہے اور مالم جبہ منصوبہ بھی کرپٹ ہے۔ پی ٹی آئی والے کہتے تھے ہم وی آئی پی پروٹوکول نہیں لیں گے، اتنا وی آئی پی پروٹوکول ان کے پاس ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر سے کراچی تک کسی کے چولہے نہیں جل رہے ہیں ، دیکھیں گیس اور بجلی کے بل کیا ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن