• news

جھنگ: اجرت میں اضافہ کیلئے بھٹہ مزدوروں کا احتجاجی جلسہ اور ریلی

جھنگ (نامہ نگار) اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروںنے اجرت میں اضافہ کے سلسلہ میں لیبر قومی موومنٹ کے زیر اہتمام بستی ملاح والی جھنگ سٹی میں احتجاجی جلسہ کیا اور ریلی نکالی ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے یکم جولائی 2019کو جاری نوٹیفکیشن میں بھٹہ مزدوروں کی اجرت1295 روپے ہزار اینٹ مقرر کی گئی مگر ذمہ دار محکمے اس پر عمل نہ کروا سکے، اس وقت مزدوروں کو گٹکا (اینٹ) کی اجرت صرف950 روپے اور ٹائل کی اجرت صرف 990روپے فی ہزار دے رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیبر قومی موومنٹ کے مرکزی چیئرمین بابا عبدالطیف انصاری نے کہا کہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ سے گزر اوقات مشکل ہو گیا بلکہ ہم پرامن مزدور لوگ ہیں اور ہمیں اس موقع پر باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ ہم اپناحق لینے کی خاطر ایک بہت بڑا جلسہ 23دسمبر 2019کو بستی ملاح والی جھنگ سٹی میں منعقد کریں گے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر مہر محمد نواز ڈب نے پر امن ماحول میں 23دسمبر کو ہونے والے احتجاجی جلسہ سے قبل ہی مطالبات حل کروانے کی یقین دھانی کروائی ہے ،اس موقع پر لیبر قومی موومنٹ کے مرکزی چیئرمین بابا عبدالطیف انصاری، شوکت علی ، حاجی ریاض احمد ، محمد انور انصاری اور اللہ دتہ انصاری سمیت کثیر تعداد میں مزدوروں نے شرکت کی۔ آخر میں مزدوروں نے بابا عبدالطیف انصاری کی قیادت میں بینرز اور جھنڈے اٹھا کر احتجاجی ریلی نکالی ۔

ای پیپر-دی نیشن