زرداری شدید علیل‘ علاج ملک میں ہو گا‘ معالجین کے کہنے پر باہر جا سکتے ہیں: کائرہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری پاکستان سے ہی علاج کرائیں گے اگر ان کے معالجوں نے کہا تو وہ علاج کے لئے باہر جائیں گے۔ بلاول بھٹو کے اعلان کے مطابق اس بار بی بی کی برسی ان کی جائے شہادت پر منائی جائے گی ۔ جہاں بلاول بھٹو12 سال بعد بی بی شہید کی جائے شہادت سے اپنی سیاست کا سیکنڈ فیز شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی سٹی کے صدر ودود حسن ڈار کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہید بھٹو اور شہید محترمہ بی بی دونوں کی جائے شہادت ہے۔ بلاول بھٹو اپنی سیاست کا دوسرا فیز شروع کر یں گے جو کہ مارچ میں اپنا سیکنڈ فیز مکمل کر کے حتمی طور پر اس حکومت کو چوٹ لگائیں گے۔ سیاسی تحریکیں جنگیں نہیں ہوتیں۔ ہم نے مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ پیپلز پارٹی جب تحریک شروع کرتی ہے تو سب کو پتہ چل جاتا ہے۔ ہم وہ ہیں جنہوں نے ایوب خان ، یحیٰی خان اور پرویز مشرف کو بھی گھر بھیجا تھا۔ کرپشن کارڈ ہمیشہ سے اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا گیا۔ آصف زرداری شدید علیل ہیں۔ الیکشن کمیشن آج دو ممبر زکے ساتھ غیر فعال ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر تحریک انصاف تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے تاکہ پارٹی فنڈنگ کیس تعطل کا شکار ہو۔ تحریک انصاف کی حکومت اپویشن کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کروا کر انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی مشکلات برداشت کیں یہ نئی ہیں۔ بہت جلد اس حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔کنونشن سے پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر میاں اظہر حسن ڈار، ڈویژنل صدر دیوان شمیم ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک اختر ، مرزا اویس بیگ ، سٹی صدر ودود حسن ڈار، سٹی جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ ، سٹی سیکرٹری اطلاعات صغیر بٹ سابق ایم پی اے میاں سعود حسن ڈار، سابق جنرل سیکرٹری رانا حنیف ، صابر باجوہ،اقبال مہر ودیگر بھی موجود تھے۔