• news

میانوالی : کیری ڈبہ نہر میں جاگرا، 6جاں بحق، چنیوٹ : ڈمپر کا ویگن سے تصادم ، 4مسافر چل بسے

میانوالی‘ بھکر‘ چناب نگر (نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی) میانوالی کے علاقے پپلاں میں کیری ڈبہ تیز رفتاری کے باعث نہر میں جا گرا۔ ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق‘ ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ چنیوٹ میں ٹائی راڈ کھلنے سے ڈمپر ویگن سے جا ٹکرایا۔ 3 خواتین سمیت 4 مسافر جاں بحق‘ 11 شدید زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پپلاں میں مریضہ کو ہسپتال سے چیک کروا کر واپس گھر جانے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کیری ڈبہ نہر میں گرنے سے ڈوب گئے۔ ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ دو خواتین اور ایک بچے کی نعشوں کو ریسکیو اہلکاروں نے نہر سے نکال لیا۔ ہفتے کی رات بارہ بجے کے بعد کیری ڈبہ سوار افراد پپلاں سے اپنے گھر نواحی علاقہ ڈب بلوچاں جا رہے تھے کہ تھل کینال کے قریب ایک کار کو کراس کرتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث کیری ڈبہ نہر میں جا گرا‘ جس سے خواتین اور بچوں سمیت سات افراد پانی میں ڈوب گئے۔ خوش قسمتی سے ایک شخص نوید کو زندہ بچا لیا گیا۔ مرنے والوں میں عبد الرؤف‘ شکیلہ، تنزیلہ، دلشاد، ابوبکر اور ایمن شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تھل کینال پپلاں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں مگر اندھیرے کے باعث پانی سے لاشیں نہ نکالی جا سکیں۔ صبح ہوتے ہی دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع ہوا تو تین نعشیں پپلاں کی بجائے بھکر کے علاقے دریا خان سے ملیں جنہیں سول ہسپتال بھکر منتقل کیا گیا اور بعدازاں ڈب بلوچاں پپلاں منتقل کر دیا گیا جنہیں اجتماعی جنازہ کے بعد دفنا دیا گیا۔ دیگر افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ خونیں حادثے پر دن بھر پپلاں اور ڈب بلوچاں میں فضاء سوگوار رہی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چنیوٹ فیصل آباد روڈ پر پل ڈینگروکے قریب تیز رفتار ڈمپر ٹائی راڈ کھل جانے سے مسافر ویگن سے جال ٹکرایا۔ جس کے نتیجہ میں ویگن میں سوار 3 خواتین سمیت 4 مسافر جاں بحق جبکہ 11 شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ میں جاں بحق اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ہدیٰ فاطمہ، انجم بی بی، ملک نثار اور، ماہ نور بی بی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن