مرید کے: جماعت اسلامی مقتول رہنماؤں کا جی روڈ پر جنازہ‘ دھرنا، 3 گھنٹے ٹریفک معطل
مریدکے(نامہ نگار) جماعت اسلامی مریدکے کے رہنماؤںکے بہیمانہ قتل کے خلاف جماعت اسلامی اور شہریوںکی کثیر تعد اد نے نعشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر دھرنا دیا اور تین گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک روک دی۔ مظاہرین نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر پنجاب بھر کا پہیہ جام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے جی ٹی روڈپر نعشیں رکھ کر ٹریفک جام کرکے مقتولین کی نماز جنازہ ادا کی اور بعد ازاں تین گھنٹے کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد ٹریفک بحال کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا تو پنجاب بھر کا پہیہ جام کر دیا جائے گا۔ شہر کی متعدد مارکیٹیں بھی تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے خلاف احتجاجی طور پر بند رہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے رانا افضال حسین، سابق ضلعی چیئرمین شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور کی قیادت میں سینکڑوں لیگی کارکنوںنے مہنگائی اور لا قانونیت کے خلاف احتجاج کے بعد جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے جا ن و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے دوسری طرف تھانہ فیروزوالہ پولیس نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صداقت علی صداقت کے بھائی سخاوت علی کی مدعیت میں اعظم، قاسم، آصف، شہباز، یاسر پسران نعمت علی کے خلاف حملہ کرنے جبکہ قیصر علی اور اس کے والد نعمت علی کے خلاف ہم مشورہ ہونے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔