شمالی کوریا کا امریکہ کیساتھ جوہری معاملہ پر مذاکرات سے پھر انکار
پیانگ یانگ (این این آئی)شمالی کوریا نے امریکا کے ساتھ اپنے متنازع جوہری پروگرام پر مزید بات چیت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر کِم سانگ نے کہا کہ جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق امریکا سے مزید کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ طویل مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں۔کِم سانگ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے مستقل اور ٹھوس بات چیت کی کوشش اس کے اندرونی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور وقت بچانے کی ایک چال ہے۔بیان میں مزید کہا گیاکہ ہمیں ابھی امریکا کے ساتھ طویل بات چیت کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکا جوہری تخفیف اسلحہ کو مذاکرات کی میز سے پہلے ہی خارج کر چکا ہے۔ شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سوہائی سیٹیلائٹ لانچنگ اسٹیشن سے ایک انتہائی اہم تجربہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ وہی لانچنگ اسٹیشن ہے، جس کے بارے میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ شمالی کوریا حکومت اسے بند کرنے کا وعدہ کر چکی ہے۔ شمالی کوریا حکومت نے اس تجربے کا کامیاب قرار دیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ کس قسم کا ٹیسٹ تھا۔ ماہرین کے مطابق بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ شمالی کوریا نے اس مرتبہ میزائل کے بجائے راکٹ انجن کا تجربہ کیا ہے۔