سری لنکا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد، سکیورٹی انتظامات فائنل
لاہور+راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے سکیورٹی انتظامات فائنل ‘ٹریفک پلان کو بھی حتمی شکل دیدی گئی۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11 دسمبر سے شروع ہوگا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کیلئے دو ہیلی کاپٹرز مانگے گئے ہیں جبکہ ٹیم کی نقل وحرکت کے دوران دو جیمر وہیکلز ساتھ ہونگی۔ سکیورٹی کیلئے رینجرز اور کیو آر ایف کے دستے تعینات ہونگے۔ راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لال سٹکرز والی گاڑیاں سپورٹس کمپلیکس اور آرٹس کونسل میں، سبز سٹکر والی گاڑیاں کڈنی سنٹر میں، نیلے سٹکرز والی میڈیا کی گاڑیاں آئی ایٹ فلائی اوور سے گراؤنڈ میں داخل ہوں گی جبکہ شائقین کی گاڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پارک کی جائیں گی۔شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم پہنچایاجائیگا ۔ سٹی پولیس آفیسرڈی آئی جی محمد احسن یونس نے کہا کہ کھلاڑیوں، آفیشلزاور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجائیگا، سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے 4500 کے قریب افسران وملازمان سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ کرکٹ میچ کے دوران شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائیگا۔ دیگر اضلاع سے بھی پولیس نفری ڈیوٹی کیلئے منگوالی گئی ہے کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے روٹ پر مربوط حکمت عملی کے تحت سکیورٹی تعینات کی جائیگی اور روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز سنائپر تعینات کئے جائیں گے، سٹیڈیم کے اطراف اور اندر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔سکیورٹی کو سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا۔ سٹیڈیم داخلے سے پہلے شائقین کو واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹر اور فزیکل چیکنگ کے علاوہ بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔ سٹیڈیم داخل ہونیوالے شخص کی مکمل تلاشی لی جائیگی ۔ ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہ‘10سے 15دسمبر تک ڈبل روڈ کو دونوں اطراف صبح سے شام تا اختتام میچ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھا جائیگا جبکہ دیگر سکیورٹی کے پیش نظر بوقت ضرورت فیض آباد سے 6thروڈ چوک،کڈنی سنٹر یو ٹرن تا فیض آباد تک،9thایونیو تا ڈبل روڈ ٹرن روڈ ،غوثیہ چوک تا شمس آباد ٹرن مری روڈ،ایکسپریس وے فیض آباد لُوپ جانب راولپنڈی اور سلپ ٹرن جانب راولپنڈی کو بند کیا جائے گا۔ بہترین ٹریفک انتظامات کے پیش نظر ٹریفک پولیس راولپنڈی کے کل 2سو31افسران و اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سری لنکن ٹیم کو سیریز سے قبل ہی دھچکا لگ گیا، فاسٹ بائولر سرنگا لکمل ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے، وہ پاکستان نہیں آرہے۔سرنگا لکمل کی جگہ آسیتھا فرنینڈو کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم آج دوپہر جبکہ سری لنکن ٹیم کل ٹریننگ سیشن کریگی۔پریکٹس میچ کل کھیلا جائیگا۔