عمران کو مائنس کنیکا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں، لوٹی دولت واپس کریں: فردوس عاشق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں، سازشی خود کو دوبارہ قابل قبول بنانے کیلئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں، مائنس کا شور مچانے کے بجائے لوٹی گئی دولت واپس کر دیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں۔ اس وقت سیاسی محاذ پر دو نظریات کا ٹکرا چل رہا ہے۔ ایک نظریہ قومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر جائیدادیں اور محلات تعمیر کرنے والوں کا ہے۔ انہوں نے کہا دوسرا نظریہ عمران خان کا ہے جو قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا جنہیں پاکستان کے عوام نے مائنس کیا ہے، وہ سازشوں کے ذریعے خودکودوبارہ قابل قبول بنانے کے لئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ سازشیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ پاکستان کی سیاست سے مائنس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا لیگی قیادت عجب کرپشن کی غضب داستانوں کے مفرور ہیں۔ پاکستان میں سیاسی احتجاج ٹھیکے پر ان کے رہبر مولانا اور ہمنوا کے سپرد ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگیوں کوسیاست کرنی ہو تو حکومت جعلی، لیکن مفاد میں ہو توحکومت اصلی،کسی بھی سزا یافتہ کا محض تیمار داری کی غرض سے بیرون ملک جانا قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے، پاکستان کی جیلوں میں قید باقی قیدی سوچتے ہیں کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں؟ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی تیمار داری کیلئے بیرون ملک چھوٹے میاں صاحب ،دو مفرور بیٹے ،صاحبزادی،سمدھی، نواسے ،نواسیاں اور ٹی ٹی مافیا بھتیجے پہلے سے ہی موجود ہیں، مریم نواز کا بیرون ملک جانے کیلئے عدالت سے رجوع باعثِ تعجب ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں قانون کے یکساں اطلاق کی جدوجہد کا علم اٹھائے ہوئے ہیں۔