سرگودھا: ٹرین کھلے پھاٹک پر دمپر سے ٹکرا گئی اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق
سرگودھا، چناب نگر‘ لاہور (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی/ سٹاف رپورٹر) میانوالی سے براستہ سرگودھا‘ لاہور جانیوالی سرگودھا ایکسپریس چک 119 کے قریب پھاٹک بند نہ ہونے کے باعث ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور وسیم ارشاد جس کا تعلق لاہور سے بتایا گیا ہے موقع پر جان بحق ہوگیا۔ جبکہ ٹرین کا سینئر ڈرائیور عبدالمجید محفوظ رہا۔ حادثہ پھاٹک مین طیب کی غفلت کا نتیجہ بتایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک مین طیب سو گیا تھا جس کی وجہ سے پھاٹک کھلا رہا اور ٹرین کھلے پھاٹک پر ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ ڈمپر ڈرائیور معجزانہ طور پر حادثہ میں محفوظ رہا۔ حادثہ کے بعد انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق حادثے میں 8 مسافر زخمی بھی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کی وجہ سے الٹنے والے انجن اور ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حادثے کے باعث انجن کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ٹرین کی دو بوگیاں بھی پٹڑی سے اتر گئیں جس سے ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی تاہم دس گھنٹے بعد ٹریک کو بحال کر دیا گیا حادثے کے باعث ملت ایکسپریس اور لاہور ایکسپریس تاخیر کا شکار ہوئیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان ریلوے کی ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز علی الصبح 4 بج کر 58 منٹ پر سرگودھا سے لاہور آنے والی 123اپ سرگودھا ایکسپریس کو شاہین آباد اور سرگودھا کے درمیان حادثہ پھاٹک کراس کرتے ہوئے بجری سے بھرا ڈمپر ٹریک میں پھنسنے کی وجہ سے پیش آیا۔ ڈویژنل افسران نے موقع پر پہنچ کر ریلیف کاموں کی خود نگرانی کرتے ہوئے 12بج کر 5منٹ پر ٹریک کوبحال کر دیا۔ اس حادثے سے صرف سرگودھا ایکسپریس ٹرین تاخیرکا شکار ہوئی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے فوری طور پر حادثے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔