قومی ویمنز ٹیم کو 75رنز سے شکست‘پہلا ون ڈے انگلینڈ کے نام
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ویمنز سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو 75 رنز سے شکست دے دی۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 75 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 285 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔کنرارا اوول، کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ڈینی وائٹ اور یبیماؤنٹ کی شاندار سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ ڈینی وائٹ نے 95 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 110 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بیماؤنٹ 107 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ دونوں کرکٹرز کے درمیان 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی اسپنر رامین شمیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔