• news

فلم’’سچ‘‘ بہترین تفریحی پراجیکٹ‘ شائقین کو پسند آئے گا:ذوالفقارشیخ

لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستانی شائقین کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لئے فلم بنائی ہے جس میں خواتین کے لئے ایک خاص پیغام بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار "سچ" کے ڈائریکٹر ذوالفقار شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ فلم کی ساری شوٹنگ سکاٹ لینڈ میں کی گئی جس میں علیزے شیخ کو متعارف کرایا گیا ہے جن کے مقابل اسد زمان خان جبکہ کاسٹ میں جاوید شیخ اور مرینہ خان جیسے سینیئر فنکار بھی موجود ہیں۔فلم کے ڈائیلاگ حسینہ معین نے لکھے ہیں جبکہ میوزک وقار علی نے تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم میں تفریح کے ساتھ ساتھ سماجی پیغام بھی ہے۔ذوالفقار شیخ نے بتایا کہ میں نے دس سال بعد پروڈکشن کی ہے کیونکہ اب پاکستان میں معیاری فلمیں بن رہی ہیں۔یہ فلم بیرون ملک بھی ریلیز کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ علیزے شیخ کو اس لئے لیڈ رول میں کاسٹ نہیں کیا گیا کہ وہ میری بیٹی ہے۔اس کردار کے لئے میرے ذہن میں اور نام بھی تھے لیکن حسینہ معین نے مشورہ دیا کہ اس کردار کے لئے علیزے بہترین انتخاب ہے۔فلم کے ہیرو اسد زمان خان نے کہا کہ فلم کا تجربہ بہت اچھا رہا اور یہ ایک مکمل پیکج ہے جسے سب لوگ پسند کریں گے۔اسد زمان نے مزید کہا کہ ایسی فلموں سے ہماری انڈسٹری کا امیج بہتر ہوگا۔علیزے شیخ نے کہا بنیادی طور پر تو میں سائنٹسٹ ہوں اور اداکاری کا پہلا تجربہ ہے۔یہ فلم تمام طبقات کو پسند آئے گی۔پروڈیوسر تسمینہ شیخ نے کہا کہ ہم نے تین سال کی محنت کے بعد فلم بنائی ہے جس میں وومن ایمپاورمنٹ کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔"سچ" دیکھ کر ہر پاکستانی فکر کرے گا۔یہ۔فلم 20 دسمبر کو ملک بھر میں ریلیز ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن