• news

پاکستانی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریگی‘ پرویز الہیٰ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی محاذ پراہم پیشرفت سامنے آنے لگی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دورہ کرنے والے سرمایہ کاروں کا وفد فالو اپ وزٹ پر باہمی تعاون کے شعبے کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان پہنچ گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے ممتاز سعودی سرمایہ کار فہد بن محمد الباش کی قیادت میں ملاقات کی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کی ہر طریقے سے حوصلہ افزائی کرے گی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت کے رشتے مزید تقویت پکڑ رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر فخر کرتے ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ سعودی عرب پاکستانیوں کے دلوں کے بہت قریب ہے، شاہ فیصل بھی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر پنجاب اسمبلی آئے تھے۔ وفد کے سربراہ فہد بن محمد الباش نے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ہم باہمی معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، ہم انشاء اللہ مزید دورے کریں گے۔ فہد بن محمد الباش نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار سیالکوٹ میں سرجیکل مصنوعات اور کھیلوں کے سامان میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، تعلیم کے شعبے میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کا بھی جائزہ لے رہیں ہے، سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں زراعت، ٹیکسٹائل، چاول، گوشت اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا جبکہ پاکستان کو بھی سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی پیشکش کی گئی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وفد کے ارکان کو اسمبلی ایوان اور عمارت کا بھی وزٹ کروایا اور پارلیمانی ورکنگ بارے بتایا۔ اس موقع پروفد کے شرکا کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن