امریکہ نے راؤ انوار سمیت 18 افراد پر پابندیاں لگا دیں
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ، نیٹ نیوز)امریکہ نے پاکستان میں جعلی انکاؤنٹرز کے لیے بدنام سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 افراد پر پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی محکمہ خزانہ سے جاری بیان کے مطابق راؤ انوار متعدد جعلی پولیس انکاؤنٹرز کے ذمہ دار ہیں۔ راؤ انوار 190 سے زائد پولیس انکاؤنٹرز میں ملوث رہے جن میں 400 سے زائد اموات ہوئیں، جن میں نقیب اللہ محسود کا قتل بھی شامل ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق راؤ انوار نے پولیس اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے بدمعاشوں کے نیٹ ورک کی قیادت کرتے تھے جو مبینہ طور پر بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے، منشیات کی فروخت اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ راؤ انوار پر بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث دیگر ممالک میانمار، لیبیا، سلواکیہ، جنوبی سوڈان، کانگو اور روس کے متعدد افراد سمیت استنبول میں سابق سعودی قنصل جنرل پر بھی اقتصدی پابندیاں عائد کی ہیں۔ محمد العْطیبی پر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں مبینہ طور پر کردار ادا کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد امریکہ میں داخل نہیں ہوسکیں گے جبکہ امریکہ میں جائیدادیں منجمد ہوجائیں گی امریکی شہریوں پر ان فراد کے ساتھ لین دین پر بھی پابندی ہوگی۔