• news

نیب کو حمزہ شہباز سے کیمپ جیل میں تفتیش کی اجازت

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے نیب کو حمزہ شہباز سے کیمپ جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں زیر حراست ہیں۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ زیرحراست ملزم نثار گل سے ہونے والی تفتیش کے بعد نئے شواہد سامنے آئے ہیں جس کی بنیاد پر حمزہ شہباز سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔ حمزہ شہباز سے بے نامی کمپنیوں سے متعلق بھی انویسٹی گیشن کرنی ہے۔ واضح رہے کہ 11 جون کو مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نیب نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں گرفتار کرلیا تھا۔ نیب کے مطابق حمزہ شہباز شریف کے 38 کروڑ 80 لاکھ کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے‘ 2015 سے 2018 تک حمزہ شہباز نے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ اچانک حمزہ شہباز نے 2019 میں کہا کہ انکے اثاثے 5 کروڑ سے 20 کروڑ ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف نیب کی جانب سے رمضان شوگر ملز، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور صاف پانی کیس میں ریفرنس دائر کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن