روشن سندھ کیس،قائم علی شاہ نے نیب راولپنڈی کوتحریری جواب جمع کروادیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے روشن سندھ کیس میں تحقیقات کے حوالے سے قومی احتساب بیورو(نیب)راولپنڈی کے سامنے پیش ہو کر سوالنامے کا تحریری جواب جمع کروادیا ۔ منگل کو نیب نے قائم علی شاہ کو روشن سندھ کیس میں طلب کر رکھا تھا۔ سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نیب کے سوالنامے کا تحریری جواب جمع کروادیا۔ نیب ٹیم نے روشن سندھ کیس میں سابق وزیر اعلی سندھ کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں قائم علی شاہ کا بیان رکارڈ کرایا۔پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ نیب کو معلوم ہے کہ ان کے پیپلز پارٹی کے لیے اچھے خیالات ہیں،ہماری قیادت اور دیگر لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جب نیب کا نوٹس ملا تو معلوم ہوا کہ یہ کیس سندھ میں 2 سال قبل تفتیش ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے کیس میں انہوں نے خود لکھ کر دیا تھا کہ بند کر دیجیے۔سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ نیب ٹیم نے مجھ سے ابھی تک جعلی اکاونٹس کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ کیس میں نیب کے دائرہ اختیار کے بارے میں بات کرو گا۔ مجموعی طور پر یہی خیال ہے کہ پارٹی سے زیادتی ہو رہی ہے۔قائم علی شاہ نے ازراہ مذاق کہ دیا کہ میری عمر 80سال سے زائد ہے لیکن دل ابھی بھی جوان ہے۔ پیدل چلتا ہوں لیکن ایسی ویسی کوئی عادت نہیں ہے۔