زرداری کی صحت کو صوبائی رنگ نہ دیا جائے، تمام قانونی سہولیات دی جائیں: شجاعت
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے وفاقی حکومت سے سابق صدر آصف علی زرداری کو تمام قانونی سہولتیں دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین سے ق لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پارٹی اور ملکی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری سندھ کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ ان کی صحت کے مسئلے کو صوبائیت کا رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت آصف زرداری کو سابق صدر پاکستان کی تمام سہولیات قانون کے مطابق فراہم کرے تا کہ صوبائیت کا معاملہ زیادہ رنگ نہ پکڑ سکے۔ چوہدری شجاعت حسین نے آصف علی زرداری کے سندھ میں ٹرائل کے پیپلز پارٹی کے مطالبے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ سندھ میں ان پر جو مقدمات ہیں، ان کا پنجاب میں ٹرائل کرنے سے صوبائیت کی بات کرنے والے عناصر کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔چودھری شجاعت کی اسلام آباد سے لاہور آمد کے موقع پر مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے ان سے گلہ کیا کہ پنجابی وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے متعلق جو باتیں کی جا رہی ہیں وہی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے متعلق بھی ہیں‘ ان کے مقدمات پنجاب میں لا کر ٹرائل کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں‘ ان کو بھی صحت کی وہی سہولیات ملنی چاہئیں جو پنجابی وزیراعظم کو ملی تھیں۔