• news

بعض عرب ریاستیں مغرب کی آلہ کار، فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جرائم کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں: ترک صدر

استنبول (صباح نیوز)ترکی کے صدر رجب طیب ا ردوان نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی صورت حال تیزی کے ساتھ مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے، بعض عرب ممالک اور مغرب فلسطینیوں کے خلاف جرائم میں اسرائیل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اس طرح مغرب اور عرب ممالک بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم میںبرابر قصور وار ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سماجی امور سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ القدس کا دفاع ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام اپنے بعض اندرونی مسائل میں الجھا ہوا ہے۔ ہمارے وسائل اور توانائی ضائع ہو رہی ہے، اپنے اپنے حجم اور تعداد کے باوجود عالمی سطح پرکوئی موثر فیصلہ نہیں کرا سکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بسا اوقات جب ہم فلسطینیوں اور القدس پر ظلم ہوتا دیکھتے ہیں کہ ہم خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں، عالمی استعمار اپنی پالیسیوں پر چل رہا ہے اور عالم اسلام اپنے اندرونی خلفشار میں الجھا ہوا ہے۔ بعض عرب ریاستیں مغرب کی آلہ کار ہیں اور وہ مغرب کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن