• news

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے قانون سازی جلد کی جائے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نے پارلیمانی ارکان سے ملاقات میں کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی قانون سازی جلد کی جائے۔ انہوں نے وزیر دفاع کو ہدایت کی کہ قانون سازی کا عمل فوراً شروع کیا جائے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپوزیشن اور اتحادیوں سے رابطوں کا ٹاسک دیدیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کی دی گئی مدت میں قانون سازی کی جائے۔ وزیر اعظم عمران خان سے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے چیف برائے رورل ڈویلپمنٹ اینڈ فوڈ سکیورٹی ڈاکٹر اکمل صدیق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ترقی پذیر ممالک، علاقائی سطح پر اور خصوصاً پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل، ٹیکنالوجی، ماحولیات، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور مارکیٹنگ کی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے زرعی شعبے پر منفی اثرات، ملک میں زرعی شعبے کے فروغ کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی و دیگر معاونت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان سٹیل ملزکی بحالی کے سلسلے میں اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں سٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سٹیل ملز کی بحالی میں مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیل ملز کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کمپنی کا انتخاب نہایت شفاف عمل سے کیا جائے۔دریں اثناء وزیراعظم سے روسی وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے آئندہ برس دورہ روس کا اعلان کرتے ہوئے کہ روسی صدر پیوٹن جلد پاکستان آئیں گے، جب کہ دونوں ممالک میں مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ روسی وزیرصنعت و تجارت کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے حکومتی وفود شریک ہوئے۔ ملاقات میں حفیظ شیخ، اسدعمر، حماداظہر اور چیئرمین بورڈآف انویسٹمنٹ بھی شریک تھے جب کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تجارتی پیشرفت پرتبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیراعظم کو روسی صدر کی جانب سے نیک تمنائوں کاپیغام پہنچایا گیا جس پر وزیراعظم نے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی اور وزیر مملکت علی محمد خان نے ملاقات کی، ملاقات میںقانون سازی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بات چیت اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے قانون سازی پر مشاورت کی گئی، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن سے مل کر جلد فیصلہ کرنے اور قانون سازی کے لئے ایوان کا ماحول سازگار بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کے علاوہ سوٹیزر لینڈ، ملائشیاء اوربحرین کا دورہ کریں گے۔ سعودی عرب دورے کے دوران وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اہم دورہ سعودی عرب کے شیڈول کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن