برطانوی پولیٹیکل قونصلر کی ملاقات، پاکستان میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے، پرویزالٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر آئیونا تھامس Ms. Iona Thomas نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے باہمی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت برطانوی ادارے DFID اور دیگر ڈونر ایجنسیوں سے مل کر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں، پاکستان میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے، حکومت کی پالیسیوں کے باعث انشاء اللہ جلد ہی پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔