• news

شہنشاہ جذبات یوسف خاں دلیپ کمار 97 برس کے ہو گئے

لاہور (نیوز ڈیسک) برصغیر کے لیجنڈ اداکار اور شہنشاہ جذبات کہلانے والے محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار گزشتہ روز 97 برس کے ہو گئے۔ وہ 11 دسمبر 1921ء کو پشاور میں پھلوں کے تاجر لالہ غلام سرور علی خاں اور عائشہ بیگم کے ہاں پیدا ہوئے۔ لالہ غلام سرور کچھ عرصہ بعد ممبئی منتقل ہوئے۔ محمد یوسف خاں نے اپنے والد کے ساتھ پھلوں کی دکان پر بھی کام کیا۔ اس وقت کی سپر سٹار رینو کادیوی نے دلیپ کمار کو دیکھا اور فلموں میں متعارف کرایا۔ 1944ء میں آنیوالی جوار بھاٹا دلیپ کمار کی پہلی فلم تھی جو ناکام ثابت ہوئی تاہم ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ 1948ء میں بنی فلم جگنو کی کامیابی نے دلیپ کمار کی فلمی حلقوں میں پہچان بنا دی۔ داغ‘ امر‘ نیا دور‘ گوپی‘ میلہ‘ لیڈر، دیو داس، دیدار‘ انداز‘ آن‘ مغل اعظم‘ سوداگر انکی یادگار فلمیں ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 1995ء میں بنی فلم ’’قلعہ‘‘ میں فن کے جوہر دکھائے۔ دلیپ کمار کو انکی خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا۔ اپنی 97 ویں سالگرہ کے حوالے سے تصویر شیئر کرتے ہوئے شہنشاہ جذبات نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اپنے پرستاروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں کوئی بادشاہ یا شہنشاہ جذبات نہیں محض ایک عام سا انسان ہوں۔ سالگرہ وغیرہ کی تقریبات اہم نہیں آپ لوگوں کی محبتوں‘ خلوص‘ اور دعاؤں سے میری آنکھیں شکر کے جذبے اور آنسوؤں سے لبریز ہو جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ دلیپ کمار کو سالگرہ پر امیتابھ بچن‘ انیل کپور‘ شترو گھن سنہا‘ سلمان خان‘ عامر خان اور شاہ رخ خان سمیت بالی وڈ کے ستاروں اور دنیا بھر سے مداحوں نے مبارکباد اور مکمل صحت یابی کی دعاؤں کے پیغامات دیئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن