پاکستا ن میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے:اسد قیصر
لاہور(نمائندہ سپورٹس ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پر امن اور خوشحال پاکستان کے حقیقی تشخص کی عکاسی ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے دونوں کرکٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین حالیہ کرکٹ سیریز سے پاکستانی شائقین کو ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے سیریز کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر ٹیمیں بھی اس کی تقلید کریں گی اور پاکستان میں کرکٹ کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔