افغانستان : پولیس چوکی پر حملہ ، 7اہلکار ہلاک : فوجیوں کی تعداد کم کرینگے: جنرل مارک
کابل+قلات+واشنگٹن(صباح نیوز+انٹرنیشنل ڈیسک+سنہوائ)افغانستان کے جنوبی صوبے زابل کے ضلع شہر صفا میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 7پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سربراہ صوبائی کونسل کے عطا جان حق بیان نے کہا کہ جنوبی صوبے زابل میں پولیس چوکی کواندرونی طرف سے نشانہ بنایا گیا جس میں 7پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق پولیس چوکی پر حملہ صبح سویرے کیا گیاجس کے بعدحملہ آور ہتھاروں سمیت فرار ہو گیا۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آور طالبان کا ساتھی ہو سکتا ہے۔ادھرامریکا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے پر غور کررہا ہے۔ جس کے لئے حکام کئی طریقہ کار کا جائزہ لے رہے ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں سے لڑنے کے لئے امریکی فوجیوں کی تعداد کم کی جائیگی، تاہم انہوں نے حتمی تعداد نہیں بتائی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اختیارات ہیں۔ اس وقت افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد 13ہزار ہے جن میں سے 5 ہزار سیکورٹی سے متعلق آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ باقی اہلکار افغان سیکورٹی فورسز کی تربیت، مشورے اور مدد کے لئے نیٹو مشن کا حصہ ہیں۔اس موقع پر امریکی سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے کہا کہ میں بھی چاہتا ہوں کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کی جائے۔