• news

عمران کے بیان پر تبصرہ مسترد، بھارت اقلیتوں کے قتل کی علامت بن گیا: پاکستان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آن لائن) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا تبصرہ مسترد کر دیا۔ ترجمان کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھارتی قانون کی مذمت کی، غیرجانبدار مبصروں نے بھی اسے مسلمانوں کے خلاف امتیازی قانون قرار دیا۔ بھارتی قانون جھوٹ کی بنیاد پر مبنی ہے، عالمی میڈیا مودی حکومت میں اقلیتوں کی حالت زار بے نقاب کر رہا ہے۔ مودی کو ہمسایہ ممالک کو اقلیتوں کے حقوق پر لیکچر دینا زیب نہیں دیتا۔ بھارت آج اقلیتوں کے قتل کی علامت بن چکا ہے۔ پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کا موقف مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے حالیہ متعصبانہ قانون پر رائے دی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے اس قانون کو غیر آئینی اور مسلمان دشمن قرار دیا جارہا ہے کیونکہ یہ جھوٹ پر مبنی قانون ہے اور بی جے پی دور میں اقلیتوں کی حالت زار کی عالمی میڈیا نے بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قاتل کے پاس اقلتیوں کے حقوق کی بات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں کیونکہ 9لاکھ بھارتی فوج نے 80لاکھ کشمیریوں کو گزشتہ چار ماہ سے قید رکھا ہوا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان مظلوم اقلتیوں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمان سرفہرست ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن