ہسپتالوں، ڈاکٹروں ، عملے کے تحفظ کیلئے قانون سازی، بل کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش ہو گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر پیشرفت اور ہسپتال کو فنکشنل کرنے کے لئے کئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا اور ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے اور قانون سازی سے متعلقہ امور کو جلد نمٹایا جائے۔ ہسپتالوں ، ڈاکٹروں او ر عملے کو تحفظ فراہم کریں گے اورکسی کو بھی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، عملے یا مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری ہے- قانون ہاتھ میںلینے والے شر پسند عناصر سے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیاکہ جاں بحق مریضوں کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کردئیے گئے ہیں اورجن ڈاکٹروں اور لوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا انہیں بھی معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے۔ عثمان بزدارنے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے صوبائی وزراء کو ڈویژن کی سطح پرذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ صوبائی وزرائ16دسمبر سے 20دسمبر تک چلائی جانے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔ عثمان بزدار سے ساؤتھ ایشیئن (سیف) گیمز2019 ء میں جیولین تھرو میں نیا ریکارڈقائم کرنے والے میاں چنوں کے رہائشی کھلاڑی ارشد ندیم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ارشد ندیم کو 5 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ عثمان بزدارنے سابق ڈی جی پی آر امجد حسین بھٹی کی والدہ کے انتقال‘ قلعہ سیف اللہ روڈ پر ٹریفک کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔