• news

کئی ملکوں میں پاکستانی سفیر، قونصل جنرل تبدیل، ترجمان ڈاکٹر فیصل جرمنی میں تعینات

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزارت خارجہ نے کئی اہم ممالک میں سفرا اور قونصل جنرل تبدیل کردیئے ہیں جن کی منظوری وزیر اعظم عمران خان نے بھی دے دی ہے۔ وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں خدمات سرانجام دینے والے 21 سینئر افسران کو تبدیل کردیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بھی نئے سفارت کاروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ ڈی جی یورپ ملک فاروق پولینڈ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ندیم خان یونان ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل جرمنی، رحیم حیات قریشی ایران ، شفقت علی خان روس، جرمنی میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم اٹلی، مریم مدیحہ آفتاب بلغاریہ سے بیجنگ، ممتاز زہرہ بلوچ جنوبی کوریا اور ایڈیشنل سیکرٹری افریقا فارن آفس ڈاکٹر علی احمد آرائیں سینیگال میں سفیر نامزد کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ محمد طارق وزیر کو برطانوی شہر مانچسٹر میں قونصل جنرل ہوں گے۔ ڈی جی کائونٹر ٹیررازم وزارت خارجہ احمد فاروق ڈنمارک کے لیے سفیر نامزد کیے گئے ہیں۔ ظفراقبال رومانیہ، محمد خالد اعجاز ارجنٹینا میں سفیر تعینات ہونگے۔ میجر جنرل (ر) عمر فاروق برکی اردن، وائس ایڈمرل (ر) اطہر مختار مالدیب میں سفیر تعینات کیے گئے ہیں، سردار اظہر طارق کو کرغیزستان میں سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن