• news

کراچی: یاد گار شہداء پر نامعلوم افراد کی توڑ پھوڑ ، ایم کیو ایم کی شدید مذمت

کراچی (سٹاف رپورٹر) عزیز آباد میں قائم یادگار شہدا پر نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی اور مرکزی فوارہ مسمار کر دیا ، یادگار پر مختلف مقامات سے ٹائلز اکھاڑے گئے جبکہ فرش پر بھی ہتھوڑے برسائے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے لیے انھیں کوئی درخواست نہیں دی گئی، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب عزیز آباد کے علاقے میں جناح گرائونڈ میں قائم یادگار شہدا پر نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی، اس دوران یادگار کے مرکز میں قائم فوارہ مسمار کر دیا گیا جبکہ اس کے ٹائلز بھی مکمل طور پر توڑ دیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ یادگار کے مختلف پلرز کے بھی ٹائلز توڑے گئے، کئی مقامات پر ٹائلز ٹوٹے ہوئے پائے گئے جبکہ یادگار کا فرش بھی اکھاڑا گیا ہے، جگہ جگہ ہتھوڑے برسائے جانے کے نشانات پائے گئے، توڑ پھوڑ کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور دیگر رہنما جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہی یادگار پر پہنچے اور معائنہ کیا ، دن بھر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری وہاں تعینات رہی اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، اس سلسلے میں ایس ایچ او عزیز آباد نے بتایا کہ انھیں کسی بھی سیاسی رہنما کی جانب سے باضابطہ طور پر اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا، واقعہ معلوم ہونے پر پولیس خود موقع پر پہنچی ہے اور سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ دریں اثناء ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے شر پسند عناصر کی جانب سے یادگار شہدا کی بیحرمتی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے یادگار شہدا ہزاروں مہاجر شہدا کی یادگار ہے، جو اس سرزمین کے بیٹے تھے اور مختلف حکومتوں نے ان کی شہادتوں کو خون ناحق قرار دیتے ہوئے ان کے ورثا کی حکومتی سطح پر اشک شوئی کو بھی ضروری سمجھا، ایک ایسی یادگار جس کے ساتھ ہزاروں مہاجر شہدا کے گھرانوں اور کروڑوں مہاجروں کے جذبات وابستہ ہوں اسے رات کے اندھیرے میں توڑنے پھوڑنے کا مذموم عمل شر پسندی کے سوا کچھ نہیں۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ یادگار شہدا کی بیحرمتی کے ذمہ دار شرپسند عناصر کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے یادگار شہدا کی تعمیر نو کرانے کا اعلان بھی کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یادگار شہداء دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے کس کو یاد گار شہدا سے خطرہ تھا؟ حکومت یاد گار شہداء کو مسمار کرنے والوں کا پتہ لگانے ہمیں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کامیاب نہیں ہو گی ہم نے ایک صوبے کی بات کی یادگار شہداء پر حملہ ہمارے نظریے پر حملہ ہے نسل پرست طبقہ بھی اس تخریب کاری میں ملوث ہو سکتا ہے۔ یاد گار شہدا پر حملہ ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ ہماری شرافت کو بزدلی اور کمزور نہ سمجھا جائے۔ شہداء کے لواحقین کو ریلیف دلاتے ہیں یادگار برآمد رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن