پی آئی سی واقعہ میں کسی کو معافی نہیں ملے گی‘ ملکی تشخص مجروح ہوا: گورنر سرور
لاہور (آئی این پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں اور ملک کیلئے نقصان ثابت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر ز اور وکلاء دونوں معزز پیشے سے ہیں ان میں لڑائی بنتی ہی نہیں۔ پی آئی سی واقعے سے دنیا میں بھی پاکستان کا امیج متاثر ہوا ہے مگر اس واقعے میں ملوث لوگوں کا تعلق چاہے کسی بھی خاندان یا کسی سیاسی جماعت سے ہوکسی کو معافی نہیں ملے گی سب کواانصاف کے کٹہرے میں آنا پڑیگا۔ وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں ’’2 روزہ پراپرٹی ایکسپو‘‘ نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو، ایوان اقبال لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’’خیر کثیر یوتھ کانفر نس‘‘ اور بلوچستان سے آنیوالے60رکنی طلباء کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ایکسپو سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج سر مایہ کاری کیلئے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پراپرٹی ایکسپو میں دوبئی اور تر کی سمیت دیگر ممالک سے بھی کمپنیاں شریک ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان میں سر مایہ کاروں کو دی جانیوالی سہولتوں پر اعتماد کااظہار کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک ایف اے ٹی ایف کا تعلق ہے تو انشاء اللہ وہاں سے بھی اچھی خبر آئیگی۔ بعدازاں گورنر ہاؤس لاہور میں بلوچستان سے آنیوالے طلباء کے وفود سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مَیں بلوچستان سے آنیوالے طلباء کو گور نر ہاؤس میں آمد پر بھر پور خوش آمدید کہتاہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ پنجاب بڑے بھائی کی طر ح اپنے بلوچی بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری حکومت بلوچی نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فا رم فراہم کر رہی ہے جسکے ذریعے اُنہیں اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کے بھر پور موقعے ملیں گے۔