• news

چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں کل تک فیصلہ ہونے کا امکان ہے: اسد قیصر

پشاور(آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ناموس رسالت اور اس سے متعلقہ قوانین کی محافظ حکومت ہے، اگر ان پر ذرا سی بھی آنچ آئی تو حکومت اور عہدہ چھوڑنے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کرونگا کیونکہ میں پہلے عاشق رسول ہوں، اس کے بعد کچھ اور، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر قانون سازی کیلئے تاحال اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیاگیا تاہم جلد ہی رابطہ کرتے ہوئے متفقہ طور پر قانون سازی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وہ ہفتہ کے روز سابق معاون خصوصی اور قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارشد عمرزئی اور ان کے خاندان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک، صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی ، وزیر قانون سلطان محمدخان، اراکین اسمبلی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پرقانون سازی کیلئے اپوزیشن سے باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، ہماری کوشش ہے کہ مشاورت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر قانون سازی کی جائے، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے کل پیرتک فیصلہ ہونے کا امکان ہے، اتفاق نہ ہوا تومعاملہ عدالت جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانو ن وآئین کے مطابق قومی اسمبلی کوچلایا اب کسی کواعتراض ہے تووہ عدالت بھی جا سکتے ہیں، سندھ اورخیبرپختونخوامیں مزیدصوبے بنانے کابل قائمہ کمیٹی کے پاس ہے، معاملہ ایوان میں آیا تو دیکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن