• news

کراچی کے وکلاء کی بھی ڈاکٹروں کو ہسپتال میں گھس کر مارنے کی دھمکی

کراچی (نیٹ نیوز) لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں حملہ کرنے والے وکلاء کی غنڈہ گردی کے بعد اب کراچی کے وکلاء نے بھی اپنے کالے کوٹ والے بھائیوں کی حمایت کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر حملہ کرنے کی دھمکی دے دی۔ پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں لاتعداد وکلاء کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جن کی رہائی کے لیے وکلاء تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے اور احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ اس تمام تر صورت حال کے بعد اب کراچی کے وکلاء نے بھی متحد ہو کر ڈاکٹرز پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے وکلاء بھی اشتعال انگیزی پر اتر آئے ہیں۔ ویڈیو میں ایک وکیل کہہ رہا ہے کہ سب سے پہلے ڈاکٹروں نے حملہ کیا تھا، وکلاء نے تو صرف جواب دیا ہے، کہیں کا بھی ہسپتال ہو ہم نہیں چھوڑیں گے، یہ ملک ڈاکٹرز نے نہیں وکلاء نے بنایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن