نئے صوبوں کا بل سندھ کی تقسیم‘ آئی جی کا اختیار نہیں کس نے آناہے : سعید غنی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے صوبے کے آئی جی پولیس کے خلاف پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کس افسر نے صوبے میں آنا ہے یہ آئی جی سندھ کا اختیار نہیں۔ آئی جی سندھ کے چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط کا بہت چرچا ہے۔ خط میں دو افسروں کا ذکر تھا ایک وفاق کو سرنڈر کر دیا ہے۔ خادم حسین کو بھی جلد سرنڈر کر دیا جائے گا۔ لگتا ہے کہ آئی جی سندھ کسی کے کہنے پر چل رہے ہیں نااہل حکومت سے نہیں گھبراتے‘ آئی جی سے کیسے گھبرائیں گے۔ سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کی جانب سے قومی اسمبلی میں نئے صوبوں سے متعلق جمع کرائے گئے بل کو سندھ کی تقسیم قرار دے دیا۔ ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے پاکستان میں 8 صوبوں کے قیام سے متعلق بل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا ہے۔ بل کے مطابق پنجاب کے 3 صوبے بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ پنجاب‘ بہاولپور اور ساؤتھ پنجاب صوبے بنائے جائیں‘ خیبر پختونخوا کے 2 صوبے کے پی اور ہزارہ بنائے جائیں۔ سندھ کے دو صوبے شمالی سندھ اور جنوبی سندھ بنائے جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے بل کو سندھ کی تقسیم کا مطالبہ قرار دیا ہے۔