• news

سابق حکمران مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ دار ہیں :پرویزخٹک

پشاور(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اسلام، پختون اور روٹی کپڑامکان کے نام پرسیاست کی گئی، اگر پی ٹی آئی غلط ہے تو عوام ہماراساتھ نہ دیں۔ ہماری حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لارہی ہے اور ہم جلد قرضے واپس کرتے ہوئے عالمی اداروں کی غلامی سے نجات حاصل کر لیں گے۔ وہ ہفتہ کے روزعمرزئی چارسدہ میں سابق معاون خصوصی ارشد عمرزئی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ ارشد عمرزئی کے بھائی عالمزیب عمرزئی شہید سے میرا قریبی تعلق تھا، وہ غریب دوست تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوصحت انصاف کارڈ دیاگیا، ہم نے رشوت ختم کی اور پٹواری کوٹھیک کیا، عوام ووٹ توڈالتی ہے لیکن ان لوگوں نے عوام کوکچھ نہیں دیا، یہ لوگ پٹواریوں سے ملے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کام سے ٹھیک ہوگا، تقاریر سے نہیں۔ یہ پراپیگنڈہ ہے کہ عمران کی وجہ سے مہنگائی ہے، سابق حکمرانوں نے خزانہ خالی چھوڑا اب معیشت کی تباہی کے نوحے پڑھتے ہیں، عوام ان چوروں کا تماشا دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کوبیس ارب ڈالرزکی ضرورت ہے جوآرہے ہیں اسی لئے عمران خان نے سخت فیصلے لئے کیونکہ گھر کو سنوارنے اور تباہی سے بچانے کیلئے سخت فیصلے لینے پڑتے ہیں، ہم ملکی قرضہ ختم کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن