بیرسٹر سیف نے تقرر روکنے کی بھارتی کوشش ناکام بنادی
اناتولیا (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) ترکی میں جاری ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر بھارتی وفد اشتعال میں آگیا۔ سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کی تقریر میں بھارتی وفد نے مداخلت کی، جس پر سینیٹر محمد علی سیف نے بھارتی وفد کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹرینز بنیں مودی نہ بنیں، جواب کیلئے اپنی باری کا انتظار کریں، بھارتی وفد نے تقریر کے دوران شور شرابہ جاری رکھا مگر سینیٹر محمد علی سیف نے اپنی تقریر جاری رکھی اور مودی کو انسانیت کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ بھارتی وفد ایک دہشت گرد کا دفاع کر رہا ہے۔ اتوار کو ترکی کے شہر اناتولیا میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کا سالانہ اجلاس جاری رہا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں۔ پاکستان نے بھارت کا جہاز گرایا اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا۔ بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کی توجواب بھی مل گیا۔ ابھی نندن اپنا چائے کا کپ بھی پاکستان میں بھول گئے۔