زرداری کی طبیعت میں بہتری‘ دوبارہ معائنہ‘ ٹیسٹ‘ انجیوپلاسٹی کیلئے مشاورت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع نجی ہسپتال کے مطابق کافی عرضے بعد آرام کرنے سے طبیعت میں بہتری محسوس کر رہے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے ضروری ٹیسٹ لئے گئے ڈاکٹرز کی ٹیم نے دوبارہ معائنہ کیا۔ آصف زرداری کے دل کی انجیو پلاسٹی کیلئے ڈاکٹرز نے مشاورت کی۔ ڈاکٹر ندیم قمر کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت عذرا پیچوہو بورڈ سے رابطے میں ہیں۔ دریں اثناء آصف علی زرداری سے ہررام کشوری لعل نے طویل ملاقات کی۔ سابق صدر نے کہا کہ ضمانت میری ہوئی‘ خوشی سے چہرہ آپ کا نکھر گیا ہے۔ آصف زرداری سندھ میں ٹڈی دل سے فصلوں کی تباہی پر پریشان ہو گئے۔ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل سے فصلوں کے نقصانات کا پوچھا۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کر رہے ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری سے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ملاقات کی۔ آغا سراج درانی نے سابق صدر کی خیریت دریافت کی۔