• news

ایران نے خطے میں عدم جارحیت‘ عدم مداخلت کے معاہدے کی تجویز دیدی

دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے خطے میں عدم جارحیت اور عدم مداخلت کا معاہدہ کرنے کی تجویز دیدی۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے دوحہ فورم سے خطاب میں کہا کہ علاقائی تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس بنائی جانی چاہئے۔ فوری رابطے‘ نیوکلیئر سیفٹی اور دیگر امور پر اعتماد سازی کے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ باہمی تعاون بڑھانے میں نجی شعبوں اور دانشوروں کی مدد لی جا سکتی ہے۔ پڑوسیوں کو سکیورٹی سے محروم کر کے خود تحفظ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ماحولیاتی تبدیلی کی طرح سکیورٹی کی بھی سرحدیں نہیں۔ تجارت سمیت کسی بھی میدان میں دوسرے کو نیچا دکھانے والے کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ بعض عالمی کردار خطے کی رقابتوں کو موقع سمجھ کر فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں گلوبل کردار خطے میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھانا اور مزید اسلحہ بیچنا چاہتے ہیں۔ 2014-18 ء کے دوران خلیج فارس ممالک نے دگنا تعداد میں ہتھیار خریدے۔ جامع علاقائی فریم ورک اور تعمیری تعاون بڑھانے کی پالیسی اپنائی جانی چاہئے۔ تمام علاقائی تنازعات کا پرامن حل تلاش کیا جانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن