• news

وزیراعظم کا استعفیٰ‘ حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب ہے: اعجاز شاہ

ننکانہ صاحب (نامہ نگار‘ این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا استعفیٰ حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب ہے۔ اس نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دورے کر کے دیکھ لیا ہے کہ اس کیلئے انگور کھٹے ہیں۔ پی آئی سی لاہور پر حملہ کرنیوالوں کو سزا کی بھٹی سے گزرنا پڑے گا۔ مقبوضہ کشمیر پر پی ٹی آئی کے متعلق سودے بازی کرنے کا بیان فضل الر حمن کی انتہائی غلیظ اور گھٹیا ترین سوچ ہے۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں پیش کیا ہے ماضی میں کسی حکومت کے دور اقتدار میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے ہندوؤں کی آبادکاری کسی بھی لحاظ سے برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناء اعجاز شاہ مسیحی برادری کی طرف سے کرسمس ڈے کے حوالے سے تحصیل کونسل ہال ننکانہ صاحب میں تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں روبینہ فیروز بھٹی، ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد، ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت حیات وٹو، سابق چیئرمین یونین کونسل و وفاقی وزیر داخلہ کے بھائی پیر حسن احمد شاہ المعروف پیر پپو شاہ، کوارڈی نیٹر حلقہ این اے 118پیر سرور شاہ، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل بشیر مسیح بھٹی، اے ڈی مسیح ، سکھ کمیونٹی کے رہنما سردار گوپال سنگھ چاولہ سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 70سال سے تعطل کا شکار کرتار پور راہداری کو سکھوں کے لئے کھولا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں 16دسمبر سے 20دسمبر تک حکومت کی طرف سے پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے دیگر کے ساتھ ملکر کرسمس کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن