فاشسٹ ہندوتوا حکومت بہادر اقلیت کو دبا نہیں سکتی: صدر ‘ انتہاپسند طبقہ مسلمانوں، عیسائیوں کے خاتمے کی تحریک چلا رہا ہے: اسد عمر
اسلام آباد (نیٹ نیوز، اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ مودی حکومت ہندوتوا کے فسطائی نظریے کو استمال کر کے مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔ ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی نے پہلے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے جنت نظیر وادی کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کیا اور بعدازاں شہریت کے متنازعہ بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور کروانے کے بعد اسے قانون کا درجہ دے دیا۔ شہریت سے متعلق متنازعہ بل کے خلاف آسام اور مدھیہ پردیش سمیت 6 ریاستوں نے اس قانون کو لاگو کرنے سے انکار کر دیا ہے۔اس حوالے سے صدر عارف علوی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ گزشتہ روز سے اب تک بھارت سے ہزاروں میسج موصول ہو چکے ہیں جس میں سے ایک کو ٹوئٹ کر رہا ہوں۔صدر عارف علوی کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو شیئر کی گئی جو روتے ہوئے نئی دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے اندر بھارتی پولیس کے لڑکیوں پر بہیمانہ تشدد کے حوالے سے بتا رہی ہے۔صدر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ظلم جاری ہے ان کا جوش برقرار رہے گا۔ فاشسٹ ہندوتوا حکومت کے ارادے کچھ بھی ہوں اس بہادر اقلیت کو دبایا نہیں جاسکتا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی نازی حکومت نے لاکھوں نہتے افراد کو یرغمال بنا رکھا ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ہندوستان میں انتہا پسند طبقہ اب بھارت سے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خاتمے کے لئے کھلے عام تحریک چلا رہا ہے۔