مشرف کا ٹرائل، عدالت کو کام سے روکنے کی متفرق درخواست، حکومت کو آج کیلئے نوٹس
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے مشرف کا ٹرائل کرنیوالی خصوصی عدالت کو کام سے روکنے کی متفرق درخواست پر وفاقی حکومت کو آج منگل تک کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے، لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہرعلی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار پرویز مشرف کے وکیل اظہرصدیق نے موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت کی کارروائی کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک خصوصی عدالت کی کارروائی روکی جائے جس پرعدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ فاضل عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ سے استفسار کیا کیا پرویز مشرف کی درخواستوں کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دینا مناسب ہو گا۔