سانحہ پشاور کا غم آج بھی تازہ، پولیو کیخلاف جنگ میں تمام طبقات کردار ادا کریں: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ آفس8کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورکی پانچویں برسی کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، عثمان بزدارنے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے شہداء اے پی ایس کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ صوبائی وزیراوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے شہداء اے پی ایس کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ پشاور کا زخم آج بھی تازہ ہے۔ معصوم بچے و بچیوں کو ناحق مسلا گیا۔شہید کبھی مرتے نہیں، شہداء اے پی ایس آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ ہم شہداء کو بھول سکے ہیں اورنہ ان کے بہادر اہل خانہ کو۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے سکول میں ہونے والا سانحہ تاریخ کا سب سے دلخراش واقعہ تھااورایسے اندوہناک سانحہ کی عصرحاضر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک تھی، ہے اور رہے گی۔ آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔ اس اندوہناک سانحہ پر آج بھی دل رنجیدہ اورآنکھیں اشکبار ہیں۔ دریں اثناء عثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کو پولیوسے بچاؤکے قطرے پلا کرمہم کا آغاز کیا۔ پنجاب میںگزشتہ روز سے شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت، پیر سید سعید الحسن شاہ، اراکین اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل اور چوہدری شہبازاحمدنے بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ خصوصی مہم میں 50ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے سینئر رہنما چوہدری آفتاب نے ملاقات کی، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چوہدری آفتاب نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ دیارغیر میں محنت کر کے قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ چوہدری آفتاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی فرصت میں برطانیہ کا دورہ کروں گا۔ عثمان بزدارنے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ریکارڈ ساز سنچری پر عابد علی کومبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پہلے میچ میں سنچری کر کے عابد علی نے نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔ دونوں فارمیٹ میں سنچری کر کے عابد علی نے اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ شاندار کارکردگی پر عابد علی اور ان کے کوچ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عثمان بزدار نے گھوٹکی میں بزدار قبیلے کے سربراہ و سابق رکن اسمبلی سردار رحیم بخش بزدار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور و سیاسی و ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ گھوٹکی میں جعفر بزدار کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔ وزیراعلیٰ نے جعفر بزدار سے ان کے والد غلام اکبر بزدار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔