چیف الیکشن کمشنر تقرری: حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیوں کا اجلاس بے نتیجہ ختم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حکومت اور اپوزیشن کے ’’غیر لچک دار‘‘ رویہ کے باعث پیر کو بھی چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان الیکشن کمشن کی تقرری پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ حکومت مزید مہلت کے لئے آج اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی نامزدگی پر مشاورت کے لئے عدالت سے مزید وقت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والا ایک اور غیر رسمی مشاورتی اجلاس بے نتیجہ رہا۔ پارلیمانی کمیٹی کے غیر رسمی اجلاس کے بعد سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں اس بات پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کا فیصلہ پارلیمنٹ کو ہی کرنا ہے، ہمیں امید ہے کہ پیش رفت ہو جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمشن کی تقرری کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا ، جس میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقو ق شیریں مزاری ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیرمنصوبہ بندی وترقی اسد عمر ، وفاقی برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور سید فخر امام نے شرکت کی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹر مشاہداللہ خان ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شاہدہ اختر علی ، شزا فاطمہ خواجہ، سینیٹر سکندر میندھرو اور نثار چیمہ نے مشاورت میں شرکت کی۔