کراچی ٹیسٹ کے شدت سے منتظر، میچ فیصلہ کن بنائیں گے,
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سری لنکا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کراچی ٹیسٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے عزم کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلے میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی سمیت قومی کرکٹرز ملکی تاریخ کے نامور ٹیسٹ سنٹر میں سری لنکا کے مدمقابل آنے کے منتظر ہیں۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین گراؤنڈز میں ہوتاہے اور یہاں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کاریکارڈبھی شاندار ہے۔ کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے کہا کہ وہ اپنے ڈومیسٹک کیرئیر میں یہاں بہت میچز کھیل چکے ہیں مگروہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی طرح تاریخی سٹیڈیم میں 19 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے ٹاس کا شد ت سے انتظار کررہے ہیں۔ اوپنر شان مسعود اپنے شہر میں کرکٹ کی پہچان سمجھے جانے والے اس میدان میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگزکا آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ اسد شفیق نے کہا کہ 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ دیکھنے وہ سٹیڈیم میں موجود تھے۔ بابراعظم کاکہنا ہے کہ وہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر خوش ہیں۔ تاریخی سٹیڈیم میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلنے کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر تھے۔ وہ پرامید ہیں کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم باؤلنگ اور بیٹنگ سمیت تمام شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز کا آخری میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ فواد عالم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی کراچی میں واپسی کے سلسلے میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ امید ہے شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ ملک میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد، نوجوان نسل کوکرکٹ سے جوڑے رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔