• news

جمہوریت بہترین انتقام، اب کوئی غیر آئینی قدم نہیں اٹھائے گا، بلاول: تاریخی فیصلہ ہے، مسلم لیگ ن

اسلا م آباد/ ملتان/ لاہور/ رائیونڈ (وقائع نگار خصوصی/ نمائندہ خصوصی/ سپیشل رپورٹر/ نامہ نگار/ ایجنسیاں) پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشرف کیس کے فیصلہ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر فقط ایک جملہ کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے جئے بھٹو پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے عدالتی فیصلے پر کہا کہ قانون سے بالا تر کوئی نہیں ہے وہ رائیونڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان میں کسی فوجی آمر کو پہلی بار عدالت نے سزا سنائی فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کے خلاف فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے بعد کوئی غیر جمہوری قوت غیر آئینی قدم نہیں اٹھا سکے گی، بے نظیر بھٹو آج مر کر بھی زندہ ہے اور آمر کا حشر تاریخ میں جو ہوا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے، پاکستانی شہریوں کو غیر ملکیوں کے ہاتھوں فروخت کرنے والے، کارگل جنگ کروانے اور بار بار آئین توڑنے والے کا آج احتساب ہو گیا ہے، ہمارے سیاسی قیدیوں کو ضمانتیں مل گئیں اب ہم سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھجوانے کیلئے ملکر جدوجہد کرینگے۔ مسلم لیگ ن کے نائب صدر سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آج جمہریت کیلئے بڑا دن ہے ہماری حکومت تو بیچاری اپنے آپ کو اقامہ سے نہیں بچا سکی میری حکومت نے تو مجھے بھی برطرف کر دیا، راحیل شریف ہم سے طاقتور تھے جب پرویز مشرف ملک میں تھے تب بھی عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے تھے، وہ عدالت کیلئے گھر سے نکلتے اور ہسپتال میں چلے جاتے تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ تاریخی اور آئین اور قانون کی بالادستی کا فیصلہ ہے یہ عوام کی بالادستی کا فیصلہ ہے۔ مشرف کو پورا موقع دیا گیا کہ وہ اپنی صفائی پیش کریں مشرف کو زعم تھا اپنی طاقت کا وہ عدالتوں کا سامنا کرنے نہیں آئے، نواز شریف کینسر سے لڑتی بیمار بیوی کو چھوڑ کر واپس آئے۔ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے نے پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ آئندہ ملک میں آئین شکنی، پارلیمان اور عوام کے حق حکمرانی کو روندنے کا راستہ بند ہوگیا۔ پہلی مرتبہ کسی آمر کے خلاف عدالت نے فیصلہ دے کر پاکستان کو ایک نئی سمت دی ہے۔ فیصلہ پاکستان کے آئین کی بالادستی، جمہوریت کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کا باعث بنے گا۔ عدالت نے شہادتوں اورقانونی تقاضوں کی بنیاد پر فیصلہ دیا۔ پاکستان کی عدالتی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا اور اہم فیصلہ ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سنیٹر علامہ ساجد میر اور مرکزی ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں ملنے والی سزا کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ دلیرانہ فیصلہ کرنے پر عدالت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت نے سنگین غداری کیس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی۔ پرویز مشرف کے حواریوں کے ساتھ حکومت کو بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ آج جمہوریت کی فتح کا دن ہے۔ پھانسی کی سزا کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہئے تاکہ سویلین بالادستی کا خواب حقیقت بن سکے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما و سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آج 72 سال بعد آئین اور قانون کی بالادستی شروع ہوئی ہے۔ آج جیت کا دن ہے، ان خیالات کا اظہار مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جو مشرف کیس پر ڈٹے رہے، چوہدری نثار کی ایک نہ سنی، مقدمے کی پیروی کرنے والوں کو گھروں میں جا کر تنگ کیا گیا، آنے والا وقت جمہوریت کا ہے۔ لوگ سکون سے سو جائیں اب مارشل لاء نہیں لگے گا اسکاراستہ ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔ مسلم لیگ ن کے سنیٹر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے آنے والے برسوں میں اہمیت ہو گی یہ فیصلہ ملک میں قانون کی بالادستی اور آئین کی سربلندی کا پیغام ہے۔ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کی سزائے موت کے فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ اپنے ردعمل میں آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ بلاشبہ اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ آنا جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے نیک شگون ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے خصوصی عدالت کی جانب سے آرٹیکل چھ کے تحت پرویز مشرف کی سزا کو ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئینی بالادستی کی طرف ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عدالت کے حالیہ فیصلے سے ملک کے جوڈیشل سسٹم پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اس فیصلہ سے نہ صرف طاقتور اور کمزور کیلئے یکساں انصاف کے تصورکو تقویت ملے گی بلکہ ان ساری قوتوں کو یہ واضح پیغام ملے گا جو کروڑوں لوگوں کے متفقہ دستور آئین کو بازبچہ اطفال بناتے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخی ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئین توڑنے والے شخص کو سخت سزا گئی ہے اس فیصلے کے قانون اور سیاسی دور رس نتائج نکلیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزا سویلین بالادستی کی ابتدا ہے۔ نواز شریف حکومت جانے کی وجہ مشرف غداری کیس تھا سنگین غداری کیس میں سزا سے عدلیہ کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ رہنما پیپلز پارٹی چودھری منظور نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس فیصلے کو روکنے کی کوشش کی۔

ای پیپر-دی نیشن