منی لانڈرنگ کیس‘ 7 جنوری کو زرداری پر فرد جرم کی تاریخ کا فیصلہ کرینگے: احتساب عدالت
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں زرداری کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7جنوری تک توسیع کردی۔ فریال تالپور اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزموں کو اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ زرداری سمیت دیگر ملزموں پر فردِ جرم عائد کی جائے۔ نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایک ملزم نے پلی بارگین کی درخواست کر دی، کیس پر کارروائی جاری ہے، ملزم یونس کوڈواوی کینیڈا فرار ہوگیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیس میں ابھی ملزموں کے نمائندے مقرر ہونے ہیں اور زرداری کو بھی نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دینی ہے کیونکہ وہ علیل ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزموں کی حاضری یقینی بنانے کے لیے جو مچلکے جمع ہونے ہیں وہ کم از کم 10لاکھ روپے کے ہونے چاہئیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مزید سماعت 7 جنوری کو ہی ہو گی اور اسی دن فیصلہ کیا جائے گا کہ زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کے لئے کون سی تاریخ مقرر کرنی ہے۔ زرداری کے وکیل نے موکل کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی اور عدالت کو بتایا گیا کہ آصف زرداری علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔