العزیزیہ ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹر کی گاڑی پر فائرنگ‘ چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں العزیزیہ ریفرنس میں نیب کے پراسیکیوٹر واثق ملک ایڈووکیٹ کی گاڑی پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس میں واثق ملک محفوظ رہے۔ گاڑی پر دو گولیاں لگیں۔ واثق ملک ایڈووکیٹ جعلی اکائونٹس کیس کی جے آئی ٹی کی قانونی ٹیم کے بھی سربراہ ہیں پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی رات گئے ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا ایس پی رورل ملک نعیم اقبال اور ڈی ایس پی جائے وقوعہ پہنچ گئے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش اور شناخت میں مدد لی جا رہی ہے پولیس رات کو مقدمہ درج کرنے میں مصروف تھی۔ مزید براں چیئرمین نیب جاوید اقبال نے بھی فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ آئی جی اسلام آباد کے نوٹس میں لایا جائے۔ جائزہ لیا جائے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیوں نہیں کئے گئے۔ نیب پراسیکیوٹر کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور واثق ملک کی سکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔