• news

چونیاں میں بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے کو 3 بار سزائے موت کا حکم

لاہور + قصور (اپنے نامہ نگار سے + نمائندہ نوائے وقت) سانحہ چونیاں کے ملزم کو تین بار سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا۔ سہیل شہزاد پر فیضان نامی بچے سے زیادتی اور قتل ثابت ہو گیا۔ انسداد دہشت گردی کے جج محمد اقبال نے فیصلہ سنایا جس کے مطابق سانحہ چونیاں کے ملزم کو تین بار سزائے موت کا حکم دیا گیا۔ ملزم سہیل شہزاد کو ایک بار عمر قید اور سزائے موت کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ چونیاں میں بچوں سے زیادتی کرکے انہیں قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزاد کے اعتراف جرم کے بعد سرکاری وکیل نے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرانے کے لئے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں چالان پیش کیا تھا۔ملزم کو انتہائی سخت سکیورٹی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا تھا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کیں، اس نے بتایا کہ اس نے اکیلے سارے قتل کیے، بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیا کرتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے۔ اس نے جون سے لے کر ستمبر 2019ء کے درمیان چونیاں میں چار بچوں عمران ، فیضان،علی حسنین اور سلمان اکرم کو اغوا کیا اور زیادتی کے بعد قتل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن