مسلم مخالف بھارتی قانون انتہا پسندی، نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم مخالف متنازعہ شہریت قانون مودی سرکار کے انتہاپسندانہ عزائم کا عکاس ہے اور بھارتی حکومت نے مسلم دشمن بل منظور کر کے اپنے لوگوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا ہے اور اس کالے قانون سے نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ جبکہ بھارت کے باضمیر شہریوں نے بھی اس متنازعہ قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے اور پورے بھارت میں اس متنازعہ قانون کے خلاف بھر پور احتجاج ہورہا ہے۔ ہندو ریاست آگ میں جل رہی ہے اور مودی چین کی بانسری بجا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مودی ایک فاشسٹ لیڈر اور نازی ازم کے پیروکار ہیں اورمودی سرکارکا ظالمانہ چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ متنازعہ شہریت بل بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے بعد اب مودی سرکار نے بھارت میں مسلم کشی کا گھناؤنا کھیل کھیلا ہے۔ مودی سرکار مسلمانوں کی نفرت میں اندھی ہوچکی ہے۔ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں امن اور استحکام پیدا نہیں ہوسکتا۔ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے۔ عثمان بزدار نے کسان ڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ کسان کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسان آگے بڑھے گاتوملک ترقی کرے گا۔ ہمارے دور میں کسانوں کو ان کی اجناس کی پوری قیمت ملی ہے۔ کئی برس بعد ہماری حکومت نے گندم اورگنے کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے کاشتکاروں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کے لنڈا بازار میں آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔