پاکستان کو دھمکانے والی قوتوں کو آرمی چیف کا ٹھوس پیغام
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ہم متحد ہو کر پاکستان کے دیرپا امن اورترقی کی جانب گامزن ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ اے ایس پی میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کے ذریعے پھانسی دے دی گئی۔ ہم شہدا اور اُن کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بطور قوم ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے طویل سفر کیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ میں ایسی فوج کا چیف ہوں جہاں پرہمارے جواں ہر وقت اس ملک کے لیے جان نچھاور کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو دھمکانے والی بیرونی قوتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ جب تک ہمارے پاس ایسے والدین اور بچے ہیں کوئی اس ملک کا بال بیکا نہیں کر سکتا۔
/16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں گھس کر معصوم بچوں ، اساتذہ اور سیکورٹی گارڈز کا وحشیانہ قتل عام کیا۔ یہ سانحہ عین اُس دن پیش آیا ، جب قوم سقوطِ ڈھاکہ کی المناک یاد منا رہی تھی، اے ایس پی پر دہشت گردوں کے حملے نے پوری قوم پر سکتہ طاری کردیا۔ لیکن بچوں کے والدین اساتذہ اور سیکورٹی گارڈز کے لواحقین اور قوم نے دل کے ٹکڑے کر دینے والے اس صدمے پر صبر ہی نہیں صبر جمیل کا مظاہرہ کیا۔ جس کی مثال نہیں ملتی۔ قوم اس سانحہ کو بھی کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ اس سانحے نے دہشت گردیکے خلاف جنگ کو ایسی مہمیز دی کہ پوری قوم اس میں شامل ہو گئی۔ اپریشن ضرب عضب اپریشن ردالفساد اور دوسری کارروائیوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کا دوست و دشمن نے اتراف کیا اور اسے دہشت گردی کے خلاف د’نیا کی خوفناک جنگ قرار دیا۔ ان کارروائیوں نے ثابت کر دیا کہ پاک فوج دشمن کی ہر کارروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا ہر جگہ منوایا ہے۔ پاکستان کو دھمکانے والی قوتوں کو آرمی چیف کے ٹھوس پیغام سے قوم کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔